MOJ E SUKHAN

جاں بلب تھا غضب کی پیاس سے میں

جاں بلب تھا غضب کی پیاس سے میں
سیر ہوتا بھی کیا گلاس سے میں

اُس کی خوشبو لپٹ گئی مجھ سے
آج گزرا تھا اُس کے پاس سے میں

ریل کی آخری بجی سیٹی
اور اُلجھا رہا حواس سے میں

مجھ کو گندم کا بوجھ ڈھونا تھا
سوت لیتا بھی کیا کپاس سے میں

جسم چھلنی ہوا ہے اندر سے
ٹھیک دکھتا تو ہوں لباس سے میں

نا اُمیدی کی جب چلے آندھی
باندھ لیتا ہوں دل کو آس سے میں

ہو اجازت تو کاٹ لوں ارشد
پیٹ پالوں گا خشک گھاس سے میں

ارشد محمود ارشد

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم