loader image

MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

18/06/2025 15:47

غم چھپاؤں کہ آشکار کروں

غزل

غم چھپاؤں کہ آشکار کروں
کون سی وضع اختیار کروں

حادثوں سے نگاہ چار کروں
غم کے لمحوں کو شاہکار کروں

اور کیا ہے جو نذر یار کروں
جی میں آتا ہے جاں نثار کروں

زندگی کو ہی جب ثبات نہیں
اور پھر کس کا اعتبار کروں

تم بھی محبوب زندگی بھی عزیز
تم کو چاہوں کہ خود سے پیار کروں

اور بھی مشغلے ہیں وحشت کے
کیوں گریباں ہی تار تار کروں

کیا قیامت سے کم ہے شام فراق
اور کس دن کا انتظار کروں

ہر سہارا ہے جب ترا محتاج
کیوں سہاروں پہ انحصار کروں

ضبطؔ جب ضبط غم کی ہے تاکید
کیوں نہ یہ جبر اختیار کروں

ضبط انصاری

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم