MOJ E SUKHAN

متاع عشق ذرا اور صرف ناز تو ہو

متاع عشق ذرا اور صرف ناز تو ہو
تضیع‌ عمر کا آخر کوئی جواز تو ہو

بہم دگر کوئی شب اس سے لب بہ لب تو چلے
ہوائے شوق کچھ آلودۂ مجاز تو ہو

قدم قدم کوئی سایہ سا متصل تو رہے
سراب کا یہ سر سلسلہ دراز تو ہو

وہ کم سخن نہ کم آمیز پھر تکلف کیا
کچھ اس سے بات تو ٹھہرے کچھ اس سے ساز تو ہو

وفا سے منزل ترک وفا تک آ نکلے
کسی بہانے تو پتھر کبھی گداز تو ہو

شفق کنایہ‌‌ٔ لب شام استعارۂ زلف
کبھی خیال وسیلوں سے بے نیاز تو ہو

حضور ناز عبث ہے خیال جاں گوہرؔ
نیاز محرم‌ خمیازۂ نیاز تو ہو

گوہر ہوشیار پوری

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم