loader image

MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

18/06/2025 16:13

مرے ہر نفس میں بسا ہے تو مرے فکر و فن میں قیام ہے

غزل

مرے ہر نفس میں بسا ہے تو مرے فکر و فن میں قیام ہے
کہ کتاب دل کے ورق ورق میں لکھا ہوا ترا نام ہے

نہ سکون دیر و حرم ملا نہ خدا ملا نہ صنم ملا
ترے دل سے دل جو بہم ملا تو قرار دل بھی مدام ہے

جو چھڑائی مانگ سے کہکشاں تو ستارے کانپ کے رہ گئے
تری زلف ابر کی چھاؤنی ترا چہرہ ماہ تمام ہے

تو جمال بن کے نظر میں آ تو کمال بن کے ہنر پہ چھا
مجھے رات دن تری آرزو تری جستجو مرا کام ہے

ہے صراحی مے سے اٹی ہوئی ہے شراب خم میں بھری ہوئی
ذرا دیکھ ساقیٔ میکدہ مرے ہاتھ میں تہی جام ہے

مرے خواب ریزے سمٹ گئے مرے آنسوؤں کے حصار میں
مری سہمی سہمی سی صبح ہے مری لرزہ لرزہ سی شام ہے

بدیع الزماں سحر

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم