چہرہ ہے بے نقاب ، کوئی خاص بات ہے ؟
آپ اور بے حجاب؟ کوئی خاص بات ہے ؟
کرنے لگے ہو پھر سے جفا جُو سے تم وفا
او خانماں خراب ، کوئی خاص بات ہے؟
واعظ تو میکدہ میں فقط پوچھنے گئے
سستی ہوئی شراب کوئی خاص بات ہے؟
تکمیل عشق ہوگئی یا لٹ گئے حضور
ہاتھوں میں زہرناب کوئی خاص بات ہے؟
لو دے رہے ہیں لفظ تو مفہوم کیا کھلے
ملفوف ہے کتاب کوئی خاص بات ہے؟
دشمن سے دشمنی ہے اور دوستوں سے پیار
پھر کیوں ہے اضطراب کوئی خاص بات ہے؟
آنکھوں میں ہے نمی اور تبسم لبوں پہ ہے
حضرت خلش جناب ، کوئی خاص بات ہے؟
آنکھوں میں روشنی ہے تبسم لبوں پہ ہے
پھر کیوں خلش جناب، کوئی خاص بات ہے؟
سہیل ضرار خلش