MOJ E SUKHAN

آپ کی یاد لالہ زاری ہے

آپ کی یاد لالہ زاری ہے
ہائے کیا چیز بے قراری ہے

لفظ پہ لفظ ہم نے بدلا ہے
بات پہ بات تم نے ماری ہے

داد دیتا ہوں تیرے تیروں کو
زخم جو بھی لگا ہے کاری ہے

ہجر کی صرف ایک ساعت بھی
اِک صدی کی طرح گذاری ہے

کونسے راستے کو لوٹو گے
کس طرف آپ کی سواری ہے

قہقہے ختم ہوگئے مفتی ؔ
اب زمانے میں آہ وزاری ہے

سید عبد الستار مفتی

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم