MOJ E SUKHAN

اس بے طلوع شب میں کیا طالع آزمائی

اس بے طلوع شب میں کیا طالع آزمائی
خورشید لاکھ ابھرے لیکن سحر نہ آئی

کب تک فریب جادہ کب تک غبار منزل
اے درد ناتمامی اے رنج نارسائی

ہر گل کا چاک سینہ گلزار آفرینا
اب کے عجب خزینہ تیری بہار لائی

ساحل پہ خیمہ کش ہیں آسودگان ساحل
طوفان کر رہے ہیں کشتی کی نا خدائی

ہر آہ کہہ رہی ہے اک درد کا فسانہ
ہر اشک لکھ رہا ہے اک قصۂ جدائی

صہبا کہاں ہے یارو کوئی اسے پکارو
ویران ہو رہا ہے کنج غزل سرائی

صہبا اختر

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم