loader image

MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

04/08/2025 19:15

انا سے برسرِ پیکار ہونا پڑتا ہے

 

غزل

انا سے برسرِ پیکار ہونا پڑتا ہے
وہ روٹھ جائے تو بیمار ہونا پڑتا ہے

عجیب ہوتی ہیں تنہائیوں کی سوچیں بھی
کبھی کبھی تو گنہ گار ہونا پڑتا ہے

کبھی کبھی تری صورت کو دیکھنے کے لیے
بہت ہی پہلے سے تیار ہونا پڑتا ہے

کسی کی بزم میں کچھ دیر بیٹھنے کے لیے
رہینِ لذتِ آزار ہونا پڑتا ہے

عجیب عشق ہے کتنی ہی دیر سے سوئیں
سحر سے پہلے ہی بیدار ہونا پڑتا ہے

سوال کرنا محبت کو ساز گار نہیں
ہر اک لحاظ سے خودار ہونا پڑتا ہے

اگر مکان مکان کی بروقت دیکھ بھال نہ ہو
مکیں کو بے در و دیوار ہونا پڑتا ہے

کسی کے قرب میں کچھ دیر بیٹھنے کے لیے
بہت ہی صاحبِ کردار ہونا پڑتا ہے

بچھڑنے والا اچانک ملے تو پھر محسن
شریکِ گرمیء بازار ہونا پڑتا ہے

محسن اسرار

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم