MOJ E SUKHAN

بات بے بات جو ہستی کا تماشا کر دے

بات بے بات جو ہستی کا تماشا کر دے
کِس کَرَم کا ہے وہ ساتھی جو اکیلا کر دے

تشنہ کاموں کی تُو فریاد سُنے گا مولا
تُو اگر چاہے تو صحرا کو بھی دریا کر دے

چند اِک کام ادھورے ہیں جِنہیں کرنا ہے
اِس لئے عُمر میں میری تُو اضافہ کر دے

تیرے ہوتے ہُوئے مَولا کوئی کیوں ہو مجبُور
بے سہارے کا بھی پیدا تُو سہارا کر دے

ہاتھ اُٹھتے ہیں دُعا کے لئے میرے مَولا
جو مِرا تھا ہی نہیں اُس کو تُو میرا کر دے

مُجھ کو کر دے تُو مُقدّر کا سکندر یارب
ظُلمتِ شب بڑی گہری ہے اُجالا کر دے

اپنے رب سے یہ دُعا ہے مِری “شہناز” کہ وہ
میرے دُشمن کو بھی حق میں مِرے اچھا کر دے

شہناز رضوی

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم