loader image

MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

19/04/2025 10:01

تاجدار رسالت پہ لاکھوں سلام

تاجدار رسالت پہ لاکھوں سلام
’’شمعِ بزمِ ہدایت پہ لاکھوں سلام‘‘

منبعِ خیر و برکت پہ لاکھوں سلام
پیکرِ حلم و رحمت پہ لاکھوں سلام

جس کا ثانی نہیں کوئی بعد از خدا
اس کی اس شان و شوکت پہ لاکھوں سلام

جس کے زیرِ نگیں ہیں یہ کون و مکاں
اس کے دورِ حکومت پہ لاکھوں سلام

دسترس جس کی ہے فرش سے عرش تک
اس کے اس اوجِ رفعت پہ لاکھوں سلام

دشمنوں پر بھی جاری تھا جس کا کرم
اس کی بے لوث خدمت پہ لاکھوں سلام

مدح خواں جس کا قرآن میں ہے خدا
نام کی اس کے عظمت پہ لاکھوں سلام

ہے فرشتوں کو بھی ناز جس زہد پر
ان کے ذوق عبادت پہ لاکھوں سلام

ساری امت کی بخشش کے طالب ہیں جو
ان کی بخشش کی چاہت پہ لاکھوں سلام

ہیں امانت کے غیروں کی بھی جو امیں
ان کے قول و صداقت پہ لاکھوں سلام

بہرہ ور جس سے ہوتے ہیں شاہ و گدا
اس سخی کی سخاوت پہ لاکھوں سلام

جس میں شامل ہیں اپنے پرائے سبھی
اس کی سب پر عنایت پہ لاکھوں سلام

ختم جس پر نبوت کا ہے سلسلہ
اس نبی کی نبوت پہ لاکھوں سلام

جن کی رحمت کے طالب ہیں جن و بشر
ان کی برقی شفاعت پہ لاکھوں سلام

ڈاکٹر احمد علی برقی اعظمی

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات

نظم