loader image

MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

17/06/2025 20:35

ترا کرم ہے گماں سے بعید ، بسم اللہ

Tra Karam hay Gumaan say baeed Bismillah

غزل

ترا کرم ہے گماں سے بعید ، بسم اللہ
تری فقیر ہوں ، تیری مُرید ، بسم اللہ

تجھے پسند ہیں گر، مرحبا یہ رنج و الم
مرے غموں سے خوشی کر کشید، بسم اللہ

ملے تو ہوں گے، محبت بھرے مرے نامے
کوئی جواب ، کوئی تو رسید ، بسم اللہ

کبھی تو گھول سماعت میں لحن مصری سا
کبھی ہو مجھ سے بھی گفت و شنید ، بسم اللہ

اتر سکوں ترے معیار پر ، تراش مجھے
ہے اِذن ، کر مری قطع و بُرید، بسم اللہ

کوئی تو لمحہء خوش کُن اُچھال میری طرف
عطا ہو کوئی تو ساعت سعید، بسم اللہ

محبتوں میں کہاں بھاؤ تاؤ چلتا ہے
میں کوڑیوں میں بِکوں، آ خرید، بسم اللہ

ترے خیال سے ہر شب، شبِ برات مری
تری ہی دید سے ہر دن ہے عید، بسم اللہ

کرم اسی کا سدا مانگ، ہے جو ذاتِ کریم
قریب تر ترے، حبل الورید ، بسم اللہ

دعا میں کیسے کمی ہو ، ترے خزانے میں
کوئی کمی نہیں، ہل من مزید، بسم اللہ

ہر ایک حمد و ثنا، اُس کے نام ہے نسریںؔ
کہ اُس کی ذات ہے، ذاتِ حمید، بسم اللہ

( نسرین سید )

Nasreen Syed

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم