MOJ E SUKHAN

جلتی ہوئی رتوں کے خریدار کون ہیں

جلتی ہوئی رتوں کے خریدار کون ہیں
اے پیکر غزل ترے بیمار کون ہیں

خوشبو کی ساعتوں کے طلب گار کون ہیں
اس زلف مشک بو کے گرفتار کون ہیں

کب تک چھپے رہیں گے ازل خامشی کے بھید
شہر صدا کے محرم اسرار کون ہیں

کرنوں کی رہ گزار پہ اڑتی ہے دھول سی
جو اس طرف گئے ہیں وہ جی دار کون ہیں

سینوں میں لے کے ولولۂ زندگی کی آگ
عصر رواں سے بر سر پیکار کون ہیں

صدیوں سے منتظر ہیں سلگتی مسافتیں
آسائش جنوں کے طلب گار کون ہیں

سرمست کر گئی جنہیں اپنے لہو کی لے
وہ عرصۂ نبرد کے فن کار کون ہیں

میں تو غریب‌ شہر سخن ہوں مگر جلیلؔ
فرماں رواے کشور اظہار کون ہیں

حسن جلیل اختر

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم