جمہوری ماہ و سال وغیرہ کی بات ہےشق
دھرنوں کی ہے ہڑتال وغیرہ کی بات ہے
جمہوریت میں کون غلط کون ہے صحیح
سچ پوچھیے تو مال وغیرہ کی بات ہے
دیکھا جو سر تو اصلی و نقلی کا شور تھا
ظاہر ہوا کہ بال وغیرہ کی بات ہے
جو ٹین تھا وہ بڑھ کے تو ہنڈریڈ ہو گیا
یہ پیداگیری مال وغیرہ کی بات ہے
کچھڑی پکی کچھ ایسی کہ کہرام مچ گیا
چاول کی گھی کی دال وغیرہ کی بات ہے
یہ عشق وشق ہوتا ہے کیا آ بتاؤں میں
یہ ہجر اور وصال وغیرہ کی بات ہے
موسیقی کا لتا نے بتایا اتا پتہ
سرگم کی سر کی تال وغیرہ کی بات ہے
وینا ملک کی شہرتوں کا اصل میں سبب
یہ گورے گورے گال وغیرہ کی بات ہے
مولانا گھر یہ محل بنا کیسے تو کہا
قربانیوں کی کھال وغیرہ کی بات ہے
شہرِکراچی کیسے سجا اور سنور گیا
یہ مصطفیٰ کمال وغیرہ کی بات ہے
تالابوں کے بیان میں انشا جگہ جگہ
بھپال نینی تال وغیرہ کی بات ہے
صفدر علی خان انشا