جو میری آنکھوں سے جھانکتی ہے تِری کہانی ہے یانہیں ہے
اگر نہیں ہے تو پھر بتاؤ یہ رائیگانی ہے یا نہیں ہے
کسی کےشجرے میں کیا لکھا ہےمجھے غَرَض ہی نہیں ہے اِس سے
زباں کُھلے گی تو علم ہو گا وہ خاندانی ہے یا نہیں ہے
اگر یہ طے ہے کہ آسماں پر بنائے جاتے ہیں سارے رشتے
تو پھر بتاؤ ہماری جوڑی بھی آسمانی ہے یا نہیں ہے؟
میں اپنی تنہائی تَن پہ اوڑھے پلٹ رہا ہوں یہ دیکھنے کو
وہ آج بھی اپنی بے وفائی پہ پانی پانی ہے یا نہیں ہے
میں صاحبِ اقتدار لوگوں سے آج شہباز پوچھتا ہوں !
بتاؤ لوگوں کے دِل میں رہنا بھی حکمرانی ہے یا نہیں ہے
سہباز نیر