MOJ E SUKHAN

جیسے خوشیوں میں غم نہیں ہوتے

غزل

جیسے خوشیوں میں غم نہیں ہوتے
آگ پانی بہم نہیں ہوتے

مدتوں ہم قریب رہتے ہیں
فاصلے پھر بھی کم نہیں ہوتے

زندگی بھر کے ساتھ میں اکثر
ہم سفر ہم قدم نہیں ہوتے

سانحے دل پہ جو گزرتے ہیں
سب کے سب تو رقم نہیں ہوتے

پوجا ہوتی ہے زندگی بھر کی
چار دن کے صنم نہیں ہوتے

جو کبھی مجھ پہ دوستوں کے تھے
اب وہ لطف و کرم نہیں ہوتے

فرح اقبال

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم