Had Hi Nahi Hay warna Had say Guzar na Jaeen
غزل
حد ہی نہیں ہے ورنہ حد سے گزر نہ جائیں
ہم عشق میں جئیں کیوں واللہ مر نہ جائیں
اہلِ حرم ہمارے ایمان پر نہ جائیں
کاغذ کے بیل بوٹے خوشبو سے ڈر نہ جائیں
خلقت کی موت کے ہیں لاکھوں بہانے لیکن
یہ تہمتیں بھی ظالم تیرے ہی سر نہ جائیں
آنکھیں تو سیپیاں ہیں کیا آب سیپیوں کی
اے دیکھنا مگر تم موتی بکھر نہ جائیں
وہ بھی کوئی گلی ہے دل والے جس گلی میں
دل تھام کر نہ آئیں دل چھوڑ کر نہ جائیں
جنت بھی ہے جہاں میں دوزخ بھی ہے جہاں میں
زاہد اِدھر نہ آئیں عاشق اُدھر نہ جائیں
سانسوں کا بوجھ واللہ عشاق کو بہت ہے
اس راستے میں لے کر زادِ سفر نہ جائیں
راحیلؔ معجزے کی اتنی سی ہے حقیقت
وہ بار بار آئیں واپس مگر نہ جائیں
راحیلؔ فاروق
Raheel Farooq