MOJ E SUKHAN

حسن یوسف کسے کہتے ہیں زلیخا کیا ہے

حسن یوسف کسے کہتے ہیں زلیخا کیا ہے
عشق اک رمز ہے ناداں ابھی سمجھا کیا ہے

فلسفے عشق کے اب کون کسے سمجھائے
ہر طرف اس کی تجلی ہے تو پردا کیا ہے

تو نے دیکھے تو بہت ہوں گے امڈتے ساگر
میری آنکھوں سے کبھی پوچھ کہ دریا کیا ہے

یار کے جلووں میں ایمان مکمل کر لوں
میری جنت ہے یہیں عرش پہ رکھا کیا ہے

شمعؔ اتنا تو کبھی اس کی سمجھ میں آئے
ڈوبتی کشتی کا ساحل سے تقاضہ کیا ہے

سیدہ نفیس بانو شمع

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم