loader image

MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

20/04/2025 03:11

خواب کی جادو گری رہتی ہے

خواب کی جادو گری رہتی ہے
نیند آنکھوں میں بھری رہتی ہے

جیسے رہتا ہی نہیں ہوں میں یہاں
اک عجب بے خبری رہتی ہے

ہم خیالوں میں سفر کرتے ہیں
ہمسفر دربدری رہتی ہے

دل ہے وہ آئینہ خانہ جس میں
اک عجب عکس گری رہتی ہے

خشک ہو جاتے ہیں پتے لیکن
شاخ امکاں تو ہری رہتی ہے

روح کے زخم کہاں بھرتے ہیں
عمر بھر چارہ گری رہتی ہے

ختم ہوتا ہے کہاں کار جہاں
اک نہ اک دردِسری رہتی ہے

کاشف حسین غائر

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات

نظم