MOJ E SUKHAN

دامن دل ہے تار تار اپنا

غزل

دامن دل ہے تار تار اپنا
کام کر ہی گئی بہار اپنا

جب سے تسکین دے گیا ہے کوئی
اور بھی دل ہے بے قرار اپنا

دیکھ کر بھی انہیں نہ دیکھ سکے
رہ گیا شوق انتظار اپنا

جستجو آ گئی سر منزل
رہ گیا راہ میں غبار اپنا

وہ نظر پھر گئی تو کیا ہوگا
اس نظر تک ہے اعتبار اپنا

اس کی ہر جنبش نظر کے ساتھ
رخ بدلتی گئی بہار اپنا

ہر نفس ہے انہیں کی یاد اقبالؔ
غم ہے کیسا سدا بہار اپنا

اقبال صفی پوری

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم