MOJ E SUKHAN

سبز حکایت سرخ کہانی

غزل

سبز حکایت سرخ کہانی
تیرے آنچل کی مہمانی

سہج سہج اس حسن کا چلنا
اس پہ اندھی شب طوفانی

اک مصرع وہ جسم اکہرا
دوجا میرے لب دہقانی

جلد سنہری ہونٹ پیازی
اس پہ خواہش کی ارزانی

بالوں کا گھنگھور اندھیرا
ابھری اینٹوں کی حیرانی

پنڈلی سے ٹکراتی پنڈلی
اترن کی فتنہ سامانی

اک لڑکی کے دوپٹے پر
ہم نے اک رت ہے پھیلانی

انگوروں کی بیل سے شب بھر
باتیں کرتی ہے ویرانی

پشت یہ نیل پڑے ہوں جیسے
جلتا ہے پاتال میں پانی

دو جسموں کی آنکھ انوکھی
خواب اور خواہش کی یک جانی

اوس کے بھالے روح کے چھالے
چھالے سا اک دل سیلانی

کیسے دل مسلے جاتا ہے
گدلا دن کوڑی یرقانی

اک تعویذ کا سبزہ دل پر
ایک حکایت رات کی رانی

دیکھ دلاسوں والا کاسہ
عشق کی دمڑی کی حیرانی

ساون کے چھجے پر عامرؔ
اک بھی بوند نہیں بارانی

عامر سہیل

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم