سب کو ربِّ غفور دیتا ہے
ہے وہ داتا ضرور دیتا ہے
وہ ہی کیف و سُرور دیتا ہے
وہ شرابِ طہور دیتا ہے
غیر سے کیوں سوال کرتے ہو ؟
رب سے مانگو ضرور دیتا ہے
حمد اور نعت کی وہ محفل کو
رونق و رنگ و نُور دیتا ہے
رب کا احسان ہے کہ وہ ہم کو
عقل و دانش ، شعُور دیتا ہے
مُجھ سے قُرآنِ پاک پڑھوا کر
میری آنکھوں کو نُور دیتا ہے
مُجھ پہ “شہناز” رب کا ہے احساں
وہ سُخن پر عبُور دیتا ہے
شہناز رضوی