loader image

MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

17/06/2025 14:45

فضائے شام ضیائے سحر اسی سے ملی – Fizae sham ziyae saher usi se mili

فضائے شام ضیائے سحر اسی سے ملی
کشش حیات کو المختصر اسی سے ملی

اسی سے مجھ کو ملا اشتیاق منزل کا
مرے سفر کو فضائے سفر اسی سے ملی

بلند مرتبۂ مشت خاک اسی نے کیا
تمام فہم و ذکا و نظر اسی سے ملی

غرور خود پہ جسے جس قدر بھی ہو لیکن
ملی جسے بھی متاع ہنر اسی سے ملی

اسی نے ظلمت گم گشتگی کو دور کیا
تلاش حق کو رہ معتبر اسی سے ملی

عطا کرے گا ہمیں بھی وہی ردائے ضیا
کہ جگنوؤں کو قبائے شرر اسی سے ملی

وہ بے خبر ہے، نہیں احترامؔ جس کو خبر
کہ آدمی کو ملی ہر خبر، اسی سے ملی

احترام الاسلام

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم