MOJ E SUKHAN

قیامتیں گزر گئیں روایتوں کی سوچ میں

قیامتیں گزر گئیں روایتوں کی سوچ میں
خلش جو تھی وہی رہی محبتوں کی سوچ میں

یہ اب کھلا کہ اس کی شاعری میں میری بات کا
جو رنگ خاص تھا مٹا اضافتوں کی سوچ میں

میں اپنے چہرۂ جنوں کو آئنے میں دیکھ لوں
تو عکس بجھ نہ جائے گا حقیقتوں کی سوچ میں

میں اپنی دھوپ چھاؤں کی ضمانتیں نہ دے سکوں
تو آپ کیوں جلیں بجھیں تمازتوں کی سوچ میں

عجب مذاق اس کا تھا کہ سر سے پاؤں تک مجھے
وفاؤں سے بھگو دیا ندامتوں کی سوچ میں

گئی رتوں نے ہنس کے راستوں کے زخم بھر دیے
حمیراؔ آج کون تھا مسافتوں کی سوچ میں

حمیرہ رحمان

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم