MOJ E SUKHAN

محبت کی گواہی اپنے ہونے کی خبر لے جا

محبت کی گواہی اپنے ہونے کی خبر لے جا
جدھر وہ شخص رہتا ہے مجھے اے دل اُدھر لے جا

تبسم سے حقیقی خال و خد ظاہر نہیں ہوتے
تعارف پھول کا درپیش ہے تو چشمِ تر لے جا

اندھیرے میں گیا وہ روشنی میں لوٹ آئے گا
دیا جو دل میں جلتا ہے اسی کو بام پر لے جا

اُڑانوں، آسمانوں، آشیانوں کے لیے طائر!
یہ پَر ٹوٹے ہوئے میرے، یہ معیارِ نظر لے جا

زمانوں کو اُڑانیں برق کو رفتار دیتا تھا
مگر مجھ سے کہا ٹھہرے ہوئے شام وسحر لے جا

کوئی منہ پھیر لیتا ہے تو قاصر اب شکایت کیا
تجھے کس نے کہا تھا آئینے کو توڑ کر لے جا

غلام محمد قاصر​

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم