MOJ E SUKHAN

موسم ہے بہاروں کا ہر اک زخم ہرا ہے

غزل

موسم ہے بہاروں کا ہر اک زخم ہرا ہے
احساس غم سوز دروں جاگ اٹھا ہے

بڑھ جائے نہ بیتابیٔ دل صبر کی حد سے
گزرے ہوئے لمحوں نے تمہیں یاد کیا ہے

بدمست فضاؤں میں بکھرتی ہوئی خوشبو
اے دوست یہ شاید ترے آنے کا پتا ہے

اک تم سے ہی دل کو مرے مل جاتی ہے ڈھارس
ورنہ یہاں ہر شخص بہت مجھ سے خفا ہے

اپنوں نے ہی دی ہے مجھے ہر موڑ پہ ٹھوکر
نازک تھا مرا شیشۂ دل ٹوٹ گیا ہے

اب بھول گیا عارض و لب گیسو و ابرو
ہونٹوں کا تبسم ترے بس یاد رہا ہے

سنتے ہیں سیہ راتوں میں لوٹے گئے سب لوگ
بسملؔ تو مگر دن کے اجالے میں لٹا ہے

بسمل اعظمی

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم