MOJ E SUKHAN

نبض جاں آپ کی نقش جاں آپ کا

نبض جاں آپ کی نقش جاں آپ کا
میری آنکھوں میں خواب گراں آپ کا

ہے سمندر میں موج رواں آپ کی
آسمانوں پہ ابر رواں آپ کا

آپ کی رحمتیں سب پہ سایہ فگن
ہر مکیں آپ کا ہر مکاں آپ کا

پھول بھی آپ کے نکہتیں آپ کی
باغ بھی آپ کا باغباں آپ کا

میری آنکھوں میں سب رونقیں آپ کی
سر پہ ہے سایہء مہرباں آپ کا

جب تپش مجھ کو سورج کی کھانے لگی
سر پہ چھانے لگا سائباں آپ کا

میرے پیارے نبی آخری سانس تک
نعت پڑھتا رہے نعت خواں آپ کا

میری کشتی کا طوفاں بگاڑے گا کیا
میری کشتی پہ ہے بادباں آپ کا

وصف کیا ہوں کسی سے بیاں آپ کے
رتبہ قرآن سے ہے عیاں آپ کا

آپ کی گفتگو ہے فصاحت کی جاں
کوئی دیکھے تو حسن بیاں آپ کا

فرش سے عرش تک آپ ہی آپ ہیں
یہ جہاں آپ کا وہ جہاں آپ کا

رونق حیات

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم