loader image

MOJ E SUKHAN

نصیحت اسماعیل میرٹھی کی بچوں کے لیے نظم

کرے دشمنی کوئی تم سے اگر
جہاں تک بنے تم کرو درگزر

کرو تم نہ حاسد کی باتوں پہ غور
جلے جو کوئی اس کو جلنے دو اور

اگر تم سے ہو جائے سرزد قصور
تو اقرار و توبہ کرو بالضرور

بدی کی ہو جس نے تمہارے خلاف
جو چاہے معافی تو کر دو معاف

نہیں، بلکہ تم اور احساں کرو
بھلائی سے اس کو پشیماں کرو

ہے شرمندگی اس کے دل کا علاج
سزا اور ملامت کی کیا احتیاج

بھلائی کرو تو کرو بے غرض
غرض کی بھلائی تو ہے اک مرض

جو محتاج مانگے تو دو تم ادھار
رہو واپسی کے نہ امیدوار

جو تم کو خدا نے دیا ہے تو دو
نہ خست کرو اس میں جو ہو سو ہو

اسماعیل میرٹھی

Facebook
Twitter
WhatsApp