loader image

MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

20/04/2025 03:27

وہ عالم بھی عجب اک عالم مجبور ہوتا ہے

غزل

وہ عالم بھی عجب اک عالم مجبور ہوتا ہے
سفینہ غرق دریا اور ساحل دور ہوتا ہے

وہی تو جلوۂ بے تاب برق طور ہوتا ہے
جو دل میں جاگزیں ہو کر نظر سے دور ہوتا ہے

کیا کرتا ہے دعویٰ آدمی مختار ہونے کا
مگر یہ بے خبر تو مطلقاً مجبور ہوتا ہے

انا الحق اور زباں اک آدمی کی اے معاذ اللہ
کہیں سب کو میسر مشرب منصور ہوتا ہے

محبت میں کوئی اس شخص کی بے چارگی دیکھے
جو غم میں مسکرانے کے لئے مجبور ہوتا ہے

ذرا میکشؔ کو میخانے میں کوئی چھیڑ کر دیکھے
مگر اس وقت جب وہ بے خود و مخمور ہوتا ہے

استاد عظمت حسین خاں

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات

نظم