ٹوٹ بٹوٹ نے کر لی شادی

صوفی غلام مصطفیٰ تبسّم​ کی بچوں کے لیے بہت پیاری نظم

کچھ ہمجولی کچھ ہمسائے
کچھ اپنے کچھ لوگ پرائے
ٹوٹ بٹوٹ کو ملنے آئے
ٹوٹ بٹوٹ کی بولی دادی
ٹوٹ بٹوٹ نے کرلی شادی


اب نہ وہ شوخی اب نہ وہ شیخی
اب نہ وہ اُس کی دھینگا مشتی
ختم ہوئی سب ہا ہا ہی ہی
ختم ہوئی ساری آزادی
ٹوٹ بٹوٹ نے کرلی شادی

اب نہ وہ رونق ہے نہ وہ میلا
دن بھر گھر میں رہے اکیلا
بیوی لے گئی پیسا دھیلا
میرے اللہ یہ بربادی
ٹوٹ بٹوٹ نے کرلی شادی

از صوفی غلام مصطفیٰ تبسّم​

Facebook
Twitter
WhatsApp