MOJ E SUKHAN

پروانہ سوز شمع سے یوں باخبر نہ ہو

غزل

پروانہ سوز شمع سے یوں باخبر نہ ہو
دل سے لگی نہ ہو تو زباں میں اثر نہ ہو

کاہے کو یوں بسی کبھی بستی خیال کی
دنیا اجڑ بھی جائے تو ہم کو خبر نہ ہو

اف اف بنی ہے ایک زمانے کی جان پر
اب دل جلوں کی آہ میں یا رب اثر نہ ہو

یا اٹھتی موج چلتی ہوا سے تھی برہمی
یا اب مجھے ملال کسی بات پر نہ ہو

آئینۂ جمال جہاں کو بہت نہ دیکھ
ڈرتا ہے دل کہیں تجھے اپنی نظر نہ ہو

نیرنگیٔ ملال بہت ناگوار ہے
دنیائے غم میں شام نہ ہو یا سحر نہ ہو

دنیا سے اٹھے دل کی کہانی بندھی رہی
یوں بھی کسی ملال زدہ کی بسر نہ ہو

ہر سو ہے اک ملال کی دنیا بسی ہوئی
روئے خیال آہ کدھر ہو کدھر نہ ہو

ہاں ہاں ہر ایک ذرہ ہے آئینۂ جمال
کیا دیکھے تجھ کو جس کی تری سی نظر نہ ہو

بیخود موہانی

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم