MOJ E SUKHAN

کب تصور یار گل رخسار کا فعل عبث

کب تصور یار گل رخسار کا فعل عبث
عشق ہے اس گلشن و گل زار کا فعل عبث

نکہت گیسوئے خوباں نے کیا بے قدر اسے
اب ہے سودا نافۂ تاتار کا فعل عبث

رشتۂ الفت رگ جاں میں بتوں کا پڑ گیا
اب بظاہر شغل ہے زنار کا فعل عبث

آرزو مند شہادت عاشق صادق ہوئے
غیر کو ڈر ہے تری تلوار کا فعل عبث

جب دل سنگیں دلاں میں کچھ اثر ہوتا نہیں
گریہ ہے اس دیدۂ خوں بار کا فعل عبث

خواب میں بھی یار کو اس کا خیال آتا نہیں
جاگنا تھا دیدۂ بے دار کا فعل عبث

خالی از حکمت ہوا بہرامؔ کب فعل حکیم
کام کب ہے داور دادار کا فعل عبث

بہرام جی

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم