کسان لوگ ہیں چھپر مچان والے ہیں
ہم اپنے آپ میں خود اک جہان والے ہیں
ہمارے دم سے ہی چلتا ہے کار و بار جہاں
ہمارے دم سے ہی اونچے مکان والے ہیں
ہمارے دم سے ہیں روشن جہان کے چولھے
ہمارے دم سے ہی سب آن بان والے ہیں
ہمارے دم سے ہے رونق بشر کے چہرے پر
ہمارے دم سے ہی محلوں میں شان و الے ہیں
ہمیں ہیں خرمن ہستی کو ناز ہے جن پر
عقابی حوصلہ اونچی اڑان والے ہیں
ہماری سادگی دیکھو تو رشک آئے گا
شگفتہ لہجہ ہے میٹھی زبان والے ہیں
ہمیں نے سنت آدم کو زندہ رکھا ہے
جفاکشی میں ہلالی نشان والے ہیں
زمیں کی گود میں پل کر جوان ہوتے ہیں
کسان لوگ بڑے ہی مہان ہوتے ہیں