loader image

MOJ E SUKHAN

کس سے آزردہ مرے قاتل کا خنجر ہو گیا

کس سے آزردہ مرے قاتل کا خنجر ہو گیا
کیا ہوا جو آج یوں جامے سے باہر ہو گیا

میرا شہرہ آج اک عالم میں گھر گھر ہو گیا
تیرے ہاتھوں مجھ کو قاتل یہ میسر ہو گیا

کیوں نہیں ملتا ابھی تک تشنہ لب ہیں بادہ خوار
کیا ترا ساغر بھی ساقی جام کوثر ہو گیا

اس قدر وحشت بھی اے دست جنوں کس کام کی
تیرے ہاتھوں میرا جینا بھی تو دوبھر ہو گیا

جوش وحشت کا ارادہ تھا کہ عریاں ہی رہے
بارے مر کر اک کفن مجھ کو میسر ہو گیا

اس کی رسوائی کا بھی آیا نہ تجھ کو کچھ خیال
کس قدر بے باک تو اے دیدۂ تر ہو گیا

مژدہ اے گنج شہیداں تیرے بھی دن پھر گئے
آج دل برداشتہ دنیا سے جوہرؔ ہو گیا

مولانا محمد علی جوہر

ایک تبصرہ چھوڑیں