MOJ E SUKHAN

کیسی ہے عجب رات یہ کیسا ہے عجب شور

کیسی ہے عجب رات یہ کیسا ہے عجب شور
صحرا ہی نہیں گھر بھی مچاتا ہے عجب شور

اک درد کی آندھی مجھے رکھتی ہے ہراساں
اک آس کا جھونکا بھی اڑاتا ہے عجب شور

روشن ہے کسی آنکھ میں تاریکیٔ احوال
اک طاق تمنا میں دہکتا ہے عجب شور

اک شخص مرے آئنۂ دل کے مقابل
خاموش ہے لیکن پس چہرہ ہے عجب شور

آتی ہے بہت دور سے پازیب کی آواز
پھر میری سماعت میں چہکتا ہے عجب شور

میں ضبط کو ہر رخ سے سپر کرتا ہوں لیکن
آنکھوں سے مری جھانکتا رہتا ہے عجب شور

شاید ترا حصہ ہے کنارے کی خموشی
معلوم تجھے کیا تہ دریا ہے عجب شور

خواجہ رضی حیدر

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم