loader image

MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

08/06/2025 02:14

ہر چہرے میں آتی ہے نظر یار کی صورت

ہر چہرے میں آتی ہے نظر یار کی صورت​
احباب کی صورت ہو کہ اغیار کی صورت​

​سینے میں اگر سوز سلامت ہو تو خود ہی​
اشعار میں ڈھل جاتی ہے افکار کی صورت​

​جس آنکھ نے دیکھا تجھے اس آنکھ کو دیکھوں​
ہے اس کے سوا کیا ترے دیدار کی صورت​

​پہچان لیا تجھ کو تری شیشہ گری سے​
آتی ہے نظر فن ہی سے فنکار کی صورت​

​اشکوں نے بیاں کر ہی دیا رازِتمنا​
ہم سوچ رہے تھے ابھی اظہار کی صورت​

​اس خاک میں پوشیدہ ہیں ہر رنگ کے خاکے​
مٹی سے نکلتے ہیں جو گلزار کی صورت​

​دل ہاتھ پہ رکھا ہے کوئی ہے جو خریدے؟​
دیکھوں تو ذرا میں بھی خریدار کی صورت​

​صورت مری آنکھوں میں سمائے گی نہ کوئی​
نظروں میں بسی رہتی ہے سرکار کی صورت​

​واصف کو سرِدار پکارا ہے کسی نے​
انکار کی صورت ہے نہ اقرار کی صورت​

واصف علی واصف

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم