MOJ E SUKHAN

یہ اور بات ہمیں صورت گلاب لگے

غزل

یہ اور بات ہمیں صورت گلاب لگے
جمیلؔ زخم لگے اور بے حساب لگے

تمہارے بعد نہ تکمیل ہو سکی اپنی
تمہارے بعد ادھورے تمام خواب لگے

میں کیسے تجھ کو پکاروں کہاں سے لاؤں تجھے
ترے بغیر اگر زندگی عذاب لگے

میں جتنی بار پڑھوں کیسے کیسے رنگ بھروں
ترا گلاب سا چہرہ مجھے کتاب لگے

ہر اک سوال پہ تو مسکرا کے رہ جائے
ہمیں تو ایک ہی جیسا ترا جواب لگے

دکھائی دے کبھی مہتاب میں تری صورت
کبھی تو دن کے اجالے میں آفتاب لگے

جمیلؔ خواب حقیقت نما بھی ہوتے ہیں
وہی قریب رگ جاں ہے جو سراب لگے

جمیل ملک

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم