میری سوچوں میں مہک حجلہ و وجدان میں آ
مصرعِ میر کی صورت مرے دیوان میں آ
کھول دے بھید مری آنکھ پہ حیرانی کے
وہم کی ذد سے نکل قریہء امکان میں آ
اجنبیت کی رداؤں کو ہٹا چہرے سے
آ مرے پاس ذرا آ مری پہچان میں آ
شہر والوں پہ کہاں کھلنی ہیں رمزیں اس کی
وحشتوں کا یہ تقاضا ہے بیابان میں آ
چاہتا ہوں کہ ترا عشق مکمل کر دے
میری آنکھوں سے چھلک تارِگریبان میں آ
ہم کلامی ہو ہواؤں سے گلابوں سے مری
آ تخیل میں سمٹ موجہ ء عرفان میں آ
عرفان صادق