loader image

MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

04/08/2025 14:13

میں آپ کو دیتا ہوں یہ پیغامِ محبت

میں آپ کو دیتا ہوں یہ پیغامِ محبت
آجایئے پینا ہے اگر جامِ محبت

نذرانۂ دل یوں نہیں ٹُھکراتے کسی کا
لیتے نہیں کیوں آپ یہ انعامِ محبت

آجائے گی پھر یاد اگر یاد کریں گے
کیا بھول گئے آپ مری شامِ محبت

ہے کوچۂ جاناں کا سفر باعثِ تسکیں
چل کر تو ذرا دیکھئے اک گامِ محبت

ناکام بھی ہو جائے تو رہتا ہے زباں پر
گُمنام نہیں ہوتا ہے ناکامِ محبت

وہ میری وفاؤں کا صلہ کیوں نہیں دیتے
کیا ہوتا ہے ایسا ہی یہ انجامِ محبت

جذبہ ہے محبت کا جہانگیر یہ برقیؔ
لیتے ہیں جدھر جایئے سب نامِ محبت

احمد علی برقی اعظمی

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم