loader image

MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

17/06/2025 22:52

فسانۂ غم جاناں کسی پہ بار نہیں

غزل

فسانۂ غم جاناں کسی پہ بار نہیں
اب اپنے دل کے سوا کوئی رازدار نہیں

مری نگاہ کی رفعت پہ ہے مدار اس کا
تری ادا پہ محبت کا انحصار نہیں

بدل نہ جائے کہیں میرے اعتماد کا رخ
وہ معتبر ہے یہاں جس کا اعتبار نہیں

اک ایسا جام ادھر بھی بہار کے ساقی
بقدر ظرف ابھی تک مجھے خمار نہیں

بضد ہے آج جہاں کو تباہ کرنے پر
یہ آدمی کہ جسے کوئی اختیار نہیں

کچھ اس طرح سے ہوئی ہے چمن کی نشو و نما
مری نگاہ کی حد تک کہیں بہار نہیں

خزاں نصیب ہیں اب تک فضائیں گلشن کی
چمن کے ظرف میں گنجائش بہار نہیں

فضائیں گونج اٹھیں گی مرے ترانوں سے
خموش ہوں کہ ابھی موسم بہار نہیں

مزاج دل کا سمجھ میں نہ آ سکا میکشؔ
خوشی بھی راس نہیں غم بھی سازگار نہیں

استاد عظمت حسین خاں

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم