غزل
زیب گلشن نہ بنے رونق ویرانہ بنے
کتنے ہشیار تھے جو عشق میں دیوانہ بنے
جرأت دید اگر میری تماشہ نہ بنے
در حقیقت مرا افسانہ پھر افسانہ بنے
کچھ پتنگوں ہی پہ موقوف نہیں جان وفا
جو بھی آ جائے تری بزم میں پروانہ بنے
کتنے دلچسپ ہیں اس شوخ نظر کے انداز
کوئی دیوانہ نہ بنتا ہو تو دیوانہ بنے
دل خلوص غم الفت سے ہے خالی ورنہ
عشق افسانہ بنا کر بھی نہ افسانہ بنے
دل کی دنیا کی الٹ پھیر الٰہی توبہ
جتنا آباد کیا جائے یہ ویرانہ بنے
کاش اک ربط رہے ان کی نظر سے بسملؔ
کبھی آئینہ بنے دل کبھی پیمانہ بنے
بسمل آغائی