MOJ E SUKHAN

سر سبز موسموں کا نشہ بھی مرے لئے

غزل

سر سبز موسموں کا نشہ بھی مرے لئے
تلوار کی طرح ہے ہوا بھی مرے لئے

میرے لئے ہیں منظر و معنی ہزار رنگ
لفظوں کے درمیاں ہے خلا بھی مرے لئے

شامل ہوں قافلے میں مگر سر میں دھند ہے
شاید ہے کوئی راہ جدا بھی مرے لئے

میں خوش ہوا کہ مژدہ سفر کا مجھے ملا
پھیلا ہوا ہے دشت‌ سزا بھی مرے لئے

دیکھوں میں آئنہ تو دھواں پھیل پھیل جائے
بولوں تو اجنبی ہے صدا بھی مرے لئے

میرے لئے تمام اذیت تمام قہر
اور پھول سے لبوں پہ دعا بھی مرے لئے

بانیؔ عجب طرح سے کھلی خوش مقدری
برگ شفق بھی برگ حنا بھی مرے لئے

راجیندر من چندا بانی

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم