MOJ E SUKHAN

جس سمت نظر جائے میلا نظر آتا ہے

غزل

جس سمت نظر جائے میلا نظر آتا ہے
ہر آدمی اس پر بھی تنہا نظر آتا ہے

سودائے دل و دیں یا سودائے دل و دنیا
عاشق کو تو دونوں میں گھاٹا نظر آتا ہے

اندھوں کو ترے اے حسن اب مل گئی بینائی
اب عشق کا ہر جذبہ ننگا نظر آتا ہے

پستی سے اگر دیکھو نیچا بھی ہے کچھ اونچا
اونچا بھی بلندی سے نیچا نظر آتا ہے

کیا شکوہ تعقل کے خاموش تحیر سے
جب اپنا تصور بھی گونگا نظر آتا ہے

اے ناز خود آرائی دے ظرف کو پہنائی
گھٹتا ہوا قطرے میں دریا نظر آتا ہے

رحمت بھی تری شاید کچھ کان کی اونچی ہے
انصاف بھی تیرا کچھ اندھا نظر آتا ہے

نالاں ہیں جمیلؔ اپنی آنکھوں سے کہ اب ان کو
سورج کا پجاری بھی اندھا نظر آتا ہے

جمیل مظہری

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم