24/02/2025 06:12

جو اپنی ریا کاری پہ اترائے ہوئے ہیں

Jo Apni Riyakaari pa Itrayyee Hoyee Hain

غزل

جو اپنی ریا کاری پہ اترائے ہوئے ہیں
در اصل یہی دنیا کے ٹھکرائے ہوئے ہیں

دل کرتا ہے ہم ان کو گلے اپنے لگالیں
ممتا کے لیے ہاتھ جو پھیلائے ہوئے ہیں

یہ کس نے شرر پھونکا ہے اوطاقِ وفا میں
کھلتے ہوئے یہ چہرے جو کملائے ہوئے ہیں

میں جنگ میں مصروف تھی جب موت سے اپنی
وہ برسے جنہیں سمجھی تھی شرمائے ہوئے ہیں

آنکھوں کے دریچوں میں لیے حسن کی قینچی
تتلی کے تعاقب میں یہ کون آئے ہوئے ہیں

اشعار بتادیں گے زمانے کو ہمارے
تنہائی کی اس قید میں تڑپائے ہوئے ہیں

سایہ تو محبت کے شجر کا ہی گھنا ہے
انجم یہاں کیا ڈھونڈنے ہم آئے ہوئے ہیں

شہناز انجم

Shahnaz Anjum

مزید شاعری