loader image

MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

19/04/2025 09:23

اس طرح عہد تمنا کو گزارے جائیے

اس طرح عہد تمنا کو گزارے جائیے
ان کو خاموشی کے لہجے میں پکارے جائیے

عشق کا منصب نہیں آوازۂ لفظ و بیاں
آنکھوں ہی آنکھوں میں ہر اک شکوہ گزارے جائیے

دیکھیے رسوا نہ ہو جائے کہیں رسم جنوں
اپنے دیوانے کو اک پتھر تو مارے جائیے

آئنہ پہ جو گزرنا ہو گزر جائے مگر
آپ یوں ہی زلف برہم کو سنوارے جائیے

جذبۂ دل کا تقاضا ہے کہ بازی جیت لوں
احتیاط عشق کہتی ہے کہ ہارے جائیے

ہو سکے تو دل کی حالت خود ہی آ کر دیکھیے
غیر کی سنئے نہ کہنے پر ہمارے جائیے

کچھ تو لطف لمس آغوش تلاطم چاہیے
تا کجا اخگرؔ کنارے ہی کنارے جائیے

حنیف اخگر

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات

نظم