24/02/2025 09:20

جب زمیں آسمان ہوتی ہے

جب زمیں آسمان ہوتی ہے
شانِ داتا بیان ہوتی ہے

حرفِ حق کی زبان ہوتی ہے
اس کے شایانِ شان ہوتی ہے

عاجزی جس کے دل میں ہو اس کی
کتنی اونچی اڑان ہوتی ہے

چشمِ نمدیدہ ہو ندامت ہو
دل میں اک داستان ہوتی ہے

آگیا ہوں میں ایسی منزل پر
خواہشِ لا مکان ہوتی ہے

زندگی ہو تو بندگی کے ساتھ
ورنہ عبرت نشان ہوتی ہے

رزم گاۀ وفا میں عجز کے ساتھ
چاہے جانے کی آن ہوتی ہے

آپڑے مشکلوں میں خلقِ خدا
سوزِ دل سے اذان ہوتی ہے

کیف وجد و سرور جس کو ملے
جزبۂ دل میں جان ہوتی ہے

معبدِ حمد تیری کاوش سے
حْبّ ِ یزداں جوان ہوتی ہے

اس کو پانے کی آرزو اے شآد
حرمتِ حق کا مان ہوتی ہے

شجاع الزماں خان شاد

مزید شاعری