loader image

MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

20/04/2025 21:19

حادثوں کا سلسلہ منظر بہ منظر جم گیا – Hadso ka silsila manzar ba manzar jam gaya

حادثوں کا سلسلہ منظر بہ منظر جم گیا
ہر کسی کے دھڑ پہ اک فرعون کا سر جم گیا

خاک کی کشتی تلے سونے کا ساغر جم گیا
دیدۂ بے خواب میں خواب سکندر جم گیا

موسموں کے بیچ کی دوری کا اندازہ لگاؤ
بہہ گئے پربت پگھل کر اور سمندر جم گیا

لڑکھڑا کر گر پڑی اونچی عمارت دفعتاً
دفعتاً تعمیر کی کرسی پہ کھنڈر جم گیا

رفعت چرخ بریں محدود ہو کر رہ گئی
جب سروں پر دھند کا سفاک لشکر جم گیا

دیدۂ گربہ سے کیا پھوٹی شعاع جاں گزا
پھڑپھڑایا تک نہیں زندہ کبوتر جم گیا

اہل دنیا سے مجھے تو کوئی اندیشہ نہ تھا
نام تیرا کس لئے میرے لبوں پر جم گیا

احترام الاسلام

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات

نظم