loader image

MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

20/04/2025 14:21

حکمرانی لی برائے خُرد بُرد

Hukmuraani Li Barayee Khurd Burd

غزل

حکمرانی لی برائے خُرد بُرد
کچھ نہیں ہے یاں سزائے خُرد بُرد

لو جی سب وزراء اکٹھے ہو گئے
کھل گئی دیکھو سرائے خُرد بُرد

محکمہ سرکار کا ہے تو یہاں
کام کیا ہو گا سوائے خُرد بُرد

ناچتی ہے انگلیوں پر یہ عوام
حکمرانوں کو نچائے خُرد بُرد

بیچ کر ایمان میٹھی نیند لیں
تھپکیاں دے کر سلائے خُرد بُرد

جھوٹ بولے اور کہے سچ بولیے
اور خود گنگا نہائے خُرد بُرد

کیا کریں انکار ہوتا ہی نہیں
پیار سے جب بھی بلائے خُرد بُرد

کوٹھی بنگلہ کار ہیلی کاپٹر
جو بھی مانگو وہ دلائے خُرد بُرد

سچ کہیں تو ہم دھلے ہیں دودھ کے
ہم سے شیطاں ہی کرائے خُرد بُرد

عین عبادت ہی تو ہے رزقِ حلال
بس عبارت یہ ، کمائے خُرد بُرد

مان بھی لے نا، بہت آسان ہے
یار محنت کے بجائے خُرد بُرد

وہ رہا نہ پھر کسی بھی کام کا
بھا گئی جس کو ادائے خُرد بُرد

ہو ہی جاتا ہے وہ بالکل لاعلاج
جس کے سینے میں سمائے خُرد بُرد

کان پر جوں تک نہیں رینگی کبھی
چار سو پھیلی صدائے خُرد بُرد

ہاتھ ڈالیں ، اس کو ننگا کیوں کریں؟
ہم تو کرتے ہیں حیائے خُرد بُرد

بچہ بچہ اب لگائے پھّٹیاں
چل پڑی ایسی ہوائے خُرد بُرد

کوئی عابد اس کی سر کوبی کرے
کوئی تو آئے مٹائے خُرد بُرد

عابد عمر

Aabid Umar

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات

نظم