loader image

MOJ E SUKHAN

اردو شعراء

18/06/2025 06:45

خواب اُس کے ہیں جو چُرا لے جائے​

خواب اُس کے ہیں جو چُرا لے جائے​
نیند اُس کی ہے جو اُڑا لے جائے​

​زُلف اُس کی ہے جو اُسے چھولے​
بات اُس کی ہے جو بنا لے جائے​

​تیغ اُس کی ہے شاخِ گُل اُس کی​
جو اُسے کھینچتا ہوا لے جائے​

​یوں تو اُس پاس کیا نہیں پھر بھی​
ایک درویش کی دعا لے جائے​

​زخم ہو تو کوئی دہائی دے​
تیر ہو تو کوئی اُٹھا لے جائے​

​قرض ہو تو کوئی ادا کردے​
ہاتھ ہو تو کوئی چُھڑا لے جائے​

​لَو دیے کی نگاہ میں رکھنا ​
جانے کس سمت راستہ لے جائے​

​دل میں آباد ہیں جو صدیوں سے ​
ان بُتوں کو کہاں خدا لے جائے​

​خواب ایسا کہ دیکھتے رہیے​
یاد ایسی کہ حافظہ لے جائے​

​میں غریب الدّیار، میرا کیا​
موج لے جائے یا ہَوا لے جائے​

​خاک ہونا ہی جب مقدّر ہے​
اب جہاں بختِ نارسا لے جائے​

​رسا چغتائی​

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم