MOJ E SUKHAN

زلف برہم سنبھال کر چلیے

زلف برہم سنبھال کر چلیے
راستہ دیکھ بھال کر چلیے

موسمِ گل ہے اپنی بانہوں کو
میری بانہوں میں ڈال کر چلیے

مے کدے میں نہ بیٹھیے تاہم
کچھ طبیعت بحال کر چلیے

کچھ نہ دیں گے تو کیا زیاں ہوگا
حرج کیا ہے سوال کر چلیے

ہے اگر قتل عام کی نیت
جسم کی چھب نکال کر چلیے

کسی نازک بدن سے ٹکرا کر
کوئی کسب کمال کر چلیے

یا دوپٹہ نہ لیجیے سر پر
یا دوپٹہ سنبھال کر چلیے

یار دوزخ میں ہیں مقیم عدمؔ
خلد سے انتقال کر چلیے

عبدالحمید عدم

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم