MOJ E SUKHAN

مرا جنون محبت تو کوئی راز نہیں

غزل

مرا جنون محبت تو کوئی راز نہیں
ترے ہی پاس مگر چشم امتیاز نہیں

سبب یہ ہے جو ہے تو کیف عشق سے محروم
کہ سوز عشق تو ہے دل میں تیرے ساز نہیں

کچھ اور دن اسے رکھ آتش محبت پر
کہ تیرے شیشۂ دل میں ابھی گداز نہیں

وبال جاں ہو نہ کیوں عشق کے اسیروں کو
وہ دل جو تیری محبت سے سرفراز نہیں

کرم کہوں اسے قدرت کا یا ستم سمجھوں
کہ دل دیا ہے مگر کوئی دل نواز نہیں

بس ایک لفظ محبت کے ماسوا کیا ہے
سنیں جو وہ تو مری داستاں دراز نہیں

عطائے خاص ہے تیری مرا یہ ذوق جنوں
عطا پہ ناز ہے مجھ کو جنوں پہ ناز نہیں

کوئی کسی سے یہ کہہ دے کہ میرا عشق جلیلؔ
بہانہ ساز ہے لیکن زمانہ ساز نہیں

جلیل قدوائی

Email
Facebook
WhatsApp

مزید شاعری

رباعیات

غزلیات
نظم